سری نگر 3جنوری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )جموں وکشمیرکے پولیس ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ کشمیر میں نام نہاد اسلامک اسٹیٹ (داعش)کی کوئی موجودگی نہیں ہے، لیکن ملک مخالف عناصر عالمی دہشت گرد تنظیم کے نظریے کے سہارے نوجوانوں کے ایک طبقے کو بنیاد پرست بنانے کے کوششوں میں ضرور لگے ہیں۔ پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) کے تبصرے ایسے وقت میں آیا ہے جب مبینہ طور پر کچھ دن پہلے کچھ نوجوان نام نہاد اسلامک اسٹیٹ(داعش ) کا جھنڈا لے کر زبردستی یہاں تاریخی جامع مسجد میں گھسے اور افراتفری کا ماحول پیدا کر دیا۔ ڈی جی پی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر نوجوانوں کے ایک طبقہ کو بنیاد پرست بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی (داعش) کی موجودگی، اتنی بڑی نہیں ہے، لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس بنیاد پر لوگوں کو مبینہ طور پر بنیاد پرست بنایا جا رہا ہے۔ جنرل دل باغ سنگھ جامع مسجد میں 28 دسمبر کو ہوئے و اقعہ کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ حکام نے کہاہے کہ واقعہ جمعہ کی نماز کے بعد پیش آیا تھا جب زیادہ ترمصلیان مسجدسے جا چکے تھے۔ وہاں موجود لوگوں نے ان نوجوانوں کا پیچھا کیا۔ واضح ہوکہ مسجدانتظامیہ کمیٹی اور علیحدگی پسندوں نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔